سپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس کا نیٹ ورک قائم کرنے کی اجازت
مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی کمپیوٹنگ ضروریات پوری کرنے اور زمین پر ڈیٹا سینٹرز کا دباؤ کم کرنے کے لیے امریکی حکام نے ایلون مسک کی کمپنی سپیس ایکس کو خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس پر مشتمل نیٹ ورک قائم کرنے کی اجازت دے دی، جسے خلائی ڈیٹا سینٹرز کے قیام کی جانب تاریخی پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
امریکی فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) کے مطابق سپیس ایکس کے مجوزہ نیٹ ورک کو ’سٹار مائنڈ‘ کا نام دیا جائے گا، جس کے سیٹلائٹس مدار میں ڈیٹا پروسیسنگ کے لیے استعمال ہوں گے۔ منصوبہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی کمپیوٹنگ ضروریات پوری کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
سپیس ایکس نے رواں سال جنوری میں 10 لاکھ تک مداری کمپیوٹنگ ماڈیولز خلا میں بھیجنے کی اجازت طلب کی تھی۔ ایف سی سی کی منظوری امریکی تاریخ میں خلائی ڈیٹا سینٹرز کے لیے سیٹلائٹ نیٹ ورک قائم کرنے کی پہلی اجازت ہے۔
منصوبے کے تحت سیٹلائٹس بنیادی طور پر شمسی توانائی استعمال کریں گے اور لیزر رابطوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے، جبکہ پروسیس شدہ ڈیٹا استعمال کے لیے زمین پر بھیجا جائے گا۔ سپیس ایکس کا مؤقف ہے کہ خلائی ڈیٹا سینٹرز مصنوعی ذہانت کے لیے توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
تاہم ایف سی سی کی منظوری کا مطلب یہ نہیں کہ تمام 10 لاکھ سیٹلائٹس خلا میں بھیج دیے گئے ہیں، کمپنی کو مقررہ مراحل کے مطابق نیٹ ورک قائم کرنا ہوگا۔
اجازت نامے کے تحت نومبر 2033 تک کم از کم ایک سیٹلائٹ، نومبر 2035 تک ایک لاکھ سیٹلائٹس، جبکہ نومبر 2038 تک منظور شدہ مجموعی تعداد کے نصف سیٹلائٹس مدار میں پہنچانا لازم ہوگا۔
منصوبے پر بعض کمپنیوں اور ماہرین نے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ ناقدین کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے سے خلائی ملبے، مدار میں بڑھتے ہوئے رش، فلکیاتی مشاہدات اور ماحولیاتی اثرات سے متعلق مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ منصوبے کی تکنیکی اور مالیاتی عمل پذیری پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ایف سی سی کا کہنا ہے کہ خلا میں ڈیٹا سینٹرز قائم کرنے کے دیگر مجوزہ منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔