Breaking News

کویت میں ڈرون حملہ، دو اطالوی شہری ہلاک، ایران کی ملوث ہونے کی تردید

کویت میں ڈرون حملہ، دو اطالوی شہری ہلاک، ایران کی ملوث ہونے کی تردید
۱ منٹ پہلے

کویت میں فضائی دفاعی تنصیب پر ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہری ہلاک جبکہ ایک کویتی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔ ایران نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کویت اور اٹلی کو واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کردی۔

 

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

 

عباس عراقچی نے تہران کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ کویت پر ڈرون حملے میں ایران کا کوئی کردار نہیں ہے۔

 

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران واقعے کے محرکات واضح کرنے اور اس کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے کویت اور اٹلی کی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

 

اٹلی کا کہنا ہے کہ کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اس کے دونوں شہری فضائی دفاعی نظام پر کام کررہے تھے۔

 

اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سینیٹ کو بتایا کہ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً دوپہر 2 بجے متعدد ایرانی ڈرونز نے کویت میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی دفاعی ریڈار کا ایک مرکز بھی شامل تھا۔

 

ان کے مطابق اس مرکز پر جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے اطالوی ذیلی ادارے سے وابستہ دو اطالوی ماہرین کام کررہے تھے، جو حملے میں ہلاک ہوگئے۔

 

اس سے قبل کویت نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مسلح افواج نے متعدد حملہ آور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کردیا ہے۔کویتی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حملے میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔

 

کویتی وزارت دفاع نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کے دوران ملبے یا شیل کے ٹکڑوں کی زد میں آکر ایک کویتی، دو اطالوی اور ایک پاکستانی شہری سمیت 4 افراد زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں اٹلی نے اپنے دونوں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کویت پر حملے میں ایران کے ملوث ہونے کے الزامات مسترد کردیے۔

 

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے خطے میں کوئی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی ہے۔

 

دوسری جانب ایرانی حکام نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں اسرائیل اور امریکی افواج خطے میں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جعلی کارروائیاں کرتی رہی ہیں اور ایران پر عائد الزام بھی اسی نوعیت کی کوشش ہوسکتا ہے۔

 

حملے کی ذمہ داری کے معاملے پر ایران اور کویت کے مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں