Breaking News

ایران کے خلاف فتح قریب ہے، جنگ کا نتیجہ میرے فیصلے پر منحصر ہے، ٹرمپ

ایران کے خلاف فتح قریب ہے، جنگ کا نتیجہ میرے فیصلے پر منحصر ہے، ٹرمپ
۱ منٹ پہلے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف فتح قریب ہے، تہران کو معاہدہ کرنے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن موقع فراہم کررہے ہیں۔

 

یوم تشکر کے موقع پر امریکی فوجی اہلکاروں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تنازع کا نتیجہ میرے فیصلے پر منحصر ہوگا، تاہم مجھے یقین نہیں کہ ایران معاہدے کی پیشکش قبول کرے گا یا نہیں۔

 

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے خلاف فتح قریب ہے، یہ کب ہوگی، اس کا انحصار کسی حد تک اس بات پر ہے کہ میں کیا چاہتا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ ہم نرمی سے کام لے رہے ہیں اور ایران کو معاہدہ کرنے اور بہت سی جانیں بچانے کا ہر ممکن موقع فراہم کررہے ہیں، تاہم مجھے یقین نہیں کہ تہران اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا یا نہیں۔

 

ٹرمپ نے کہا کہ بعض لوگ سوال کرتے ہیں کہ ایسا کیوں ہے؟ کیا ایرانی پاگل ہیں؟ شاید وہ واقعی ایسے ہی ہیں۔امریکی صدر نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکی فوجیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ واشنگٹن تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

 

فوجی اہلکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ میں سے ہر ایک نہ صرف آج ہمارے ملک بلکہ امریکیوں کی آنے والی نسلوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ آپ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کررہے ہیں کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، یہ بات میں آپ کو یقین سے کہہ سکتا ہوں۔

 

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات روکنے کے لیے 150 میزائل داغے ہیں۔مشرق وسطیٰ کے تیل پر امریکی انحصار کی نفی کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم یہ تیل استعمال نہیں کرتے، امریکا کے پاس توانائی کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور وینزویلا کے تیل کے ذخائر کو یکجا کیا جائے تو یہ دنیا کے مجموعی ذخائر کے نصف سے بھی زیادہ بنتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ تاہم ہم ایک طویل عرصے سے خطے میں موجود ہیں اور اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے تحفظ کے لیے کام کررہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں