سعودی اتحاد کا حوثیوں کے 50 اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ، جازان آئل ریفائنری پر حملہ
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے 50 اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق صنعا، حدیدہ اور صعدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ یمنی سرکاری افواج نے بھی حوثیوں کے خلاف 767 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یمنی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں میں 117 حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے، جبکہ 87 گاڑیاں اور جنگی سازوسامان تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع جازان آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت توانائی نے بتایا کہ جازان آئل ریفائنری پر دشمن کی جانب سے داغا گیا ایک فضائی پروجیکٹائل گرا، جس کے نتیجے میں نیپال سے تعلق رکھنے والا ایک کارکن ہلاک جبکہ دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
وزارت کے مطابق حملے کے بعد ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پالیا گیا ہے، تاہم واقعے کے پیش نظر تنصیب کے بعض آپریشنز عارضی طور پر معطل کردیے گئے ہیں۔
سعودی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے اور تنصیبات کی حفاظت کی تصدیق کا کام جاری ہے، تاہم آپریشنز کی بحالی کے حوالے سے کوئی وقت نہیں بتایا گیا۔
گزشتہ روز بھی یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری راس تنورہ پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ ریفائنری دنیا کے بڑے خام تیل برآمدی مراکز میں سے ایک کے قریب واقع ہے۔
حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا تھا کہ حملے کے نتیجے میں ریفائنری میں آگ لگ گئی۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر میں ریفائنری کے اطراف گھنا سیاہ دھواں دکھائی دیا، جو تقریباً 600 مربع کلومیٹر کے علاقے پر پھیلا ہوا تھا۔
ناسا اور پلانیٹ لیبز کی تصاویر میں بھی دھویں کے وسیع بادل نظر آئے، جبکہ معاملے سے واقف ایک ذریعے نے حملے کی تصدیق کی تھی۔اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے راس تنورہ کے علاقے میں 4 ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ راس تنورہ میں سعودی عرب کا اہم تیل برآمدی ٹرمینل بھی واقع ہے۔