بال ٹیمپرنگ سکینڈل: کرکٹ آسٹریلیا کا کسی بھی کھلاڑی کو ذمہ دار نہ ٹھہرانے کا فیصلہ
کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کا جائزہ لینے کے لیے قائم آزاد فورم کے ضابطہ کار جاری کردیے ہیں، جن کے تحت کسی کھلاڑی کو واقعے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی کسی کے خلاف منفی فیصلہ دیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران پیش آنے والا بال ٹیمپرنگ سکینڈل رواں ماہ اس وقت دوبارہ زیر بحث آیا جب سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی، نہ کہ صرف وہ 3 کھلاڑی جنہیں کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے 18 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ 2018 کے واقعے سے متعلق تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کیا جائے گا، جہاں وہ تادیبی کارروائی کے خوف کے بغیر اپنے بیانات ریکارڈ کرا سکیں گے۔
آسٹریلوی بیرسٹر فیونا میکلوڈ کی نگرانی میں کام کرنے والا فورم 6 ہفتوں تک جاری رہے گا۔ ضابطہ کار کے مطابق فورم کا مقصد معلومات جمع کرنا اور متعلقہ افراد کا مؤقف سننا ہے، نہ کہ کسی کے خلاف تادیبی کارروائی کرنا۔
فورم کسی فرد کو واقعے کا ذمہ دار قرار نہیں دے گا اور نہ ہی پہلے سے عائد پابندیوں کا ازسرنو جائزہ لے گا۔ ماضی کے واقعے پر کسی کھلاڑی کو دوبارہ سزا دینے یا قانونی کارروائی کی سفارش بھی نہیں کی جائے گی، جبکہ فورم میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی۔
ضابطہ کار کے مطابق اس اقدام کا مقصد واقعے سے متاثرہ افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا اور انہیں انتقامی کارروائی یا کسی نقصان کے خوف کے بغیر اپنے تجربات اور مؤقف بیان کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی 2018 کی تحقیقات میں صرف 3 کھلاڑیوں کو قصوروار قرار دیا گیا تھا، جن میں سابق کپتان سٹیو سمتھ، اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ شامل تھے۔سکینڈل کے نتیجے میں سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر 12، 12 ماہ جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
عثمان خواجہ کے سابق ساتھی کھلاڑیوں ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور چاڈ سیئرز نے بھی ان کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑی اور عملہ بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے سے واقف تھے۔
تاہم موجودہ کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولرز مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس منصوبے کا پہلے سے کوئی علم نہیں تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے پیٹ کمنز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور سکینڈل دوبارہ زیر بحث آنے کے بعد ان کی دیانت داری پر اٹھائے گئے سوالات مسترد کردیے تھے۔
فورم کے دائرہ کار میں جنوبی افریقا کے دورے کے چاروں ٹیسٹ میچز کے دوران آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے گیند کی دیکھ بھال اور اس سے متعلق طریقہ کار کا جائزہ بھی شامل ہوگا۔اس طرح تحقیقات صرف نیولینڈز ٹیسٹ تک محدود نہیں رہیں گی، جہاں آسٹریلوی ٹیم کی بال ٹیمپرنگ کا واقعہ منظر عام پر آیا تھا۔
اس کے علاوہ 2018 میں کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے طریقہ کار اور دائرہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق فورم کی مکمل رپورٹ عوام کے سامنے جاری کی جائے گی، جس کے بعد ادارہ 30 روز کے اندر اپنا ردعمل دے گا۔