Pakistan

کراچی:منہدم عمارت کی صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، پہلی منزل کی اجازت تھی،اضافی منزلیں غیر قانونی تعمیر کی گئیں

کراچی:منہدم عمارت کی صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، پہلی منزل کی اجازت تھی،اضافی منزلیں غیر قانونی تعمیر کی گئیں
۱۳ گھنٹے پہلے

کراچی کی بلوچ کالونی میں واقع ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کی تعمیر کی اجازت صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل تک دی گئی تھی، تاہم منظور شدہ نقشے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی منزلیں تعمیر کی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے نتیجے میں یہ سات منزلہ عمارت بن چکی تھی۔ حادثے کی ابتدائی اطلاعات میں تین افراد کے جاں بحق اور 14 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

 

ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے عمارت کی تعمیر کی نگرانی میں مبینہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عمارت کے منظور شدہ نقشے اور تعمیراتی اجازت نامے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد متعلقہ ادارے کی نگرانی اور کارروائی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

 

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی 2025-26 کی آڈٹ رپورٹ میں بھی ایس بی سی اے کے نگرانی کے نظام، اندرونی کنٹرول، تعمیراتی سرگرمیوں کی جانچ اور غیر قانونی یا خطرناک عمارتوں کے خلاف کارروائی میں خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض معاملات میں ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنائے بغیر تعمیراتی اجازت نامے جاری کیے گئے، جبکہ خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی میں تاخیر اور مؤثر نگرانی کے نظام کا فقدان بھی سامنے آیا۔

 

سندھ میں 2008 سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔ کراچی میں شہری منصوبہ بندی، عمارتوں کے ضوابط اور بنیادی شہری سہولیات سے متعلق مسائل کے تناظر میں حالیہ سانحے نے صوبائی انتظامی نظام کی نگرانی اور جواب دہی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

 

واقعے کے بعد چند افسران کی معطلی کے ساتھ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ منظور شدہ نقشے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی منزلوں کی تعمیر کس کی غفلت یا سرپرستی میں جاری رہی اور متعلقہ ادارے نے بروقت کارروائی کیوں نہیں کی؟ عمارت کے انہدام کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

 

بنیادی سوال یہ ہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مستقل اور مؤثر نظام کب قائم ہوگا، تاکہ ہر سانحے کے بعد محض تحقیقات، معطلیوں اور وعدوں کے بجائے ذمہ داروں کا تعین اور قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں