Pakistan

سیاستدانوں کی توجہ سیاسی مخالفین سے انتقام پر ہوگی تو یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، بلاول

سیاستدانوں کی توجہ سیاسی مخالفین سے انتقام پر ہوگی تو یہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، بلاول
۱۱ گھنٹے پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے، سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر عوامی مشکلات کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے ہفتے کو رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے مفت علاج کے ہسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی قیادت متحد ہوکر جمہوری اور آئینی طریقے سے مسائل کا مقابلہ کرے تو کوئی مشکل پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سیاست دانوں کی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین سے انتقام لینے پر مرکوز رہے گی تو یہ عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں، سیاست دانوں اور پارلیمان کو عوام کے حقیقی مسائل، خصوصاً بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، میں نے اس سے پہلے ایسا معاشی بحران نہیں دیکھا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملکی اور علاقائی حالات کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ان پر معاشی بوجھ کم کیا جائے، مزدور کو اس کی محنت کا پورا صلہ اور کسان کو فصل کی مناسب قیمت ملے، جبکہ بزرگوں اور بیمار افراد کو علاج کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت ایسے منصوبے شروع کرنے کی کوشش کررہی ہے جن سے مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف مل سکے۔

 

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی کے مفت علاج کے ہسپتال قائم کیے گئے ہیں اور اب رحیم یار خان میں بھی اسی طرز کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ معاشی دباؤ کے دوران عام آدمی کے لیے مفت علاج کی سہولت بہت بڑی مدد ثابت ہوتی ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی ہسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں دستیاب ہوں گی اور علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوا اور کوشش ہے کہ اگلے سال کے اندر پہلے مرحلے کی تکمیل کرکے مفت علاج کی سہولت شروع کردی جائے، جبکہ دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منصوبے پر پیش رفت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعاون بھی اہم ہے، جنہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔

 

انہوں نے منصوبے کے لیے زمین کی فراہمی میں تعاون پر پارٹی کے ڈویژنل صدر جاوید اکبر، وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 

ماضی کی سیاسی کشمکش کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے ایک حکومت کے شروع کیے گئے منصوبے دوسری حکومت آنے پر روک دیے جاتے تھے، پھر حکومت تبدیل ہونے پر نئے منصوبے شروع ہوجاتے اور پہلے والے ادھورے رہ جاتے تھے، جس کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا تھا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف نے طے کیا تھا کہ دونوں جماعتیں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھیں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم کریں گی اور انتخابات میں سیاسی مقابلے کے باوجود حکومتیں گرانے کی سازشوں میں شریک نہیں ہوں گی اور نہ ہی ایک دوسرے کے شروع کیے گئے عوامی منصوبوں کو روکیں گی۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس جمہوری روایت کو برقرار رکھنا ضروری ہے، پیپلز پارٹی بھی یہی چاہتی ہے کہ دوسری جماعتوں کے عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور حکومتیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرز عمل سے عوام کی خدمت ممکن ہے، جبکہ غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں