اسامہ بن لادن سوڈان سے افغانستان کیسے پہنچے؟ سابق افغان پائلٹ کا انکشاف
آریانا افغان ایئرلائن کے ایک سابق پائلٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ مئی 1996 میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو سوڈان سے افغانستان لانے والے طیارے کے عملے میں وہ بھی شامل تھے، تاہم انہیں کئی برس تک اس بات کا علم نہیں ہوسکا۔
سابق افغان پائلٹ محمد عمر افضل نے امریکا میں 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اس غیر معمولی پرواز کی روداد بیان کی ہے۔
محمد عمر افضل کے مطابق بظاہر ایک چارٹرڈ پرواز کے طور پر شروع ہونے والے اس سفر کی حقیقت ان پر کئی برس بعد اس وقت آشکار ہوئی، جب ان کے ایک ساتھی پائلٹ نے انہیں طیارے میں سوار ایک مسافر کی شناخت بتائی۔
اسامہ بن لادن شدت پسند تنظیم القاعدہ کے سربراہ تھے اور ان پر امریکا میں 11 ستمبر کے حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ مئی 2011 میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی فوج کے ایک آپریشن میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔
مئی 1996 کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے محمد عمر افضل نے بتایا کہ سوڈانی حکومت نے اپنے شہریوں کو وطن واپس لے جانے کے لیے آریانا افغان ایئرلائن کا ایک طیارہ چارٹر کیا تھا۔ اس پرواز کی کمان کپتان سید نبی آغا کے پاس تھی، جو اب وفات پا چکے ہیں۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کی جانب سفر کے دوران ہی عملے کو غیر معمولی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد عمر افضل کے مطابق فضائی حکام نے پرواز کی شناخت اور منزل سے متعلق فرق پر سوال اٹھایا، جس کے باعث کچھ دیر انتظار کے بعد طیارے کو سفر جاری رکھنے کی اجازت ملی۔
خرطوم پہنچنے پر بھی عملے کو ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا جو معمول کی پروازوں سے مختلف تھے۔ ہوائی اڈے پر فوجی اہلکاروں کے ساتھ سادہ لباس میں ملبوس افراد بھی موجود تھے۔محمد عمر افضل کا کہنا ہے کہ عملے کو پاسپورٹ کی جانچ پڑتال اور دیگر معمول کی کارروائی کے بغیر براہ راست ہوٹل پہنچا دیا گیا۔
اگلی صبح عملے کو افغان سفیر سے ملاقات کے لیے بلایا گیا، جہاں انہیں افغانستان واپسی کے سفر سے متعلق انتظامات کے بارے میں بتایا گیا۔سابق پائلٹ کے مطابق افغان سفیر نے انہیں بتایا تھا کہ واپسی کی پرواز میں چار افراد اور تقریباً 11 ٹن سامان افغانستان لے جایا جائے گا۔
خرطوم میں تقریباً چار روز گزارنے کے بعد جب عملہ واپسی کی پرواز کے لیے ہوائی اڈے پہنچا تو طیارے کے اندر کی صورت حال انہیں فراہم کی گئی معلومات سے بالکل مختلف تھی۔طیارے میں چار کے بجائے تقریباً 95 مسافر موجود تھے، جن میں چار سے چھ خواتین بھی شامل تھیں۔ اس کے علاوہ کتابیں اور کمپیوٹر بھی طیارے میں رکھے گئے تھے۔
محمد عمر افضل کے مطابق مسافروں کی غیر متوقع تعداد عملے کے لیے حیران کن تھی اور اس صورت حال پر فضائی سفر کے معمول کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی تحفظات پیدا ہوئے۔عملے نے ان انتظامات پر اعتراض کرتے ہوئے افغان سفیر سے رابطے کا مطالبہ کیا، تاہم طیارہ چارٹر کرانے والوں کے نمائندوں کا مؤقف تھا کہ پرواز کی ادائیگی ہوچکی ہے اور طیارہ اڑانا عملے کی ذمہ داری ہے۔
محمد عمر افضل کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران انہیں طیارے میں موجود مسافروں کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔افغانستان واپسی پر عملے نے دیکھا کہ مسافروں کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔
استقبال کرنے والوں میں افغان شہریوں کے علاوہ عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اور جمعیت اسلامی، حزب اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ارکان بھی شامل تھے۔سابق افغان پائلٹ نے بتایا کہ مسافروں کی آمد پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، تاہم عملہ اس وقت بھی ان افراد کی شناخت سے لاعلم تھا۔
طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد محمد عمر افضل آریانا افغان ایئرلائن کی معمول کی تجارتی پروازوں پر اپنی ذمہ داریاں انجام دینے لگے۔کئی برس بعد اپنے ساتھی کپتان سید نبی آغا کے ساتھ ایک گفتگو کے دوران سوڈان سے افغانستان آنے والی اس پرواز کا دوبارہ ذکر ہوا۔
محمد عمر افضل کے مطابق سید نبی آغا نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ سوڈان سے افغانستان لائے گئے مسافروں میں کون شامل تھا؟محمد عمر افضل نے لاعلمی ظاہر کی تو کپتان نے انہیں بتایا کہ اس پرواز میں مبینہ طور پر اسامہ بن لادن بھی سوار تھے۔
یہ بات سن کر محمد عمر افضل نے حیرت کا اظہار کیا اور کپتان سے پوچھا کہ انہیں اس بارے میں کیسے معلوم ہوا؟
سابق پائلٹ کے مطابق سید نبی آغا نے بتایا کہ انہیں یہ معلومات مولوی منصور نے فراہم کی تھیں، جو طالبان کے پہلے دور حکومت میں شہری ہوا بازی کے وزیر تھے۔محمد عمر افضل کا کہنا ہے کہ مولوی منصور کے کپتان سید نبی آغا کے ساتھ قریبی تعلقات تھے اور انہوں نے خود کپتان کو بتایا تھا کہ اسامہ بن لادن کو ان کی پرواز کے ذریعے افغانستان پہنچایا گیا تھا۔
یوں محمد عمر افضل کا اسامہ بن لادن کی طیارے میں موجودگی سے متعلق دعویٰ ان کے ساتھی کپتان سے بعد میں ملنے والی معلومات پر مبنی ہے، کیونکہ پرواز کے وقت انہوں نے خود اسامہ بن لادن کی شناخت نہیں کی تھی۔