بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا ایکشن، بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک

پاکستان - 22 جولائی 2025
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں 19 اور 21 جولائی کو انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگرد تنظیم "فتنہ الہندوستان" کے خلاف کامیاب آپریشنز کیے گئے۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ایسے تمام عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔