پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سفارتی تعلقات میں اہم پیش رفت، ویزا فری انٹری پر اصولی اتفاق

news-banner

دنیا - 23 جولائی 2025

ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلا دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری انٹری کی سہولت دینے پر اصولی اتفاق کر لیا۔ اس حوالے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈھاکہ میں اپنے بنگلا دیشی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانگیر عالم چودھری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر محسن نقوی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ملاقات میں داخلی سیکیورٹی، پولیس ٹریننگ، انسداد دہشت گردی، انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

دونوں وزراء نے انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ بنگلا دیشی وفد جلد پاکستان کا دورہ کر کے سیف سٹی منصوبے اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا معائنہ کرے گا۔

 

بنگلا دیشی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب کے دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگِ میل قرار دیتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے اعلیٰ حکام موجود تھے۔