ایف بی آر اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری خوش آئند، مزید اقدامات ناگزیر: وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

کاروبار - 23 جولائی 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری ایک مثبت پیشرفت ہے، تاہم مزید محنت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ معینہ مدت میں پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

 

یہ بات انہوں نے ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں چیئرمین ایف بی آر، وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ اجلاس کو ٹیکس اصلاحات، انفورسمنٹ اقدامات، اور ٹیکس گوشواروں میں اضافے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

بریفنگ کے مطابق، 2025 میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں 1.5 فیصد کا اضافہ ہوا، جب کہ گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 45 لاکھ سے بڑھ کر 72 لاکھ ہو گئی۔ ریٹیل سیکٹر سے ٹیکس آمدن میں 455 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جو پوائنٹ آف سیلز سسٹم اور انفورسمنٹ کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

 

فیس لیس کسٹمز کلیئرنس سسٹم سے کلیئرنس کا دورانیہ کم ہو کر 12 گھنٹے رہ گیا، جبکہ صنعتی خام مال پر ٹیرف میں کمی سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بھی سہولت ملی۔

 

وزیراعظم نے ڈیجیٹائزیشن کو سراہتے ہوئے ایف بی آر کے ڈیجیٹل ونگ کی ازسر نو تشکیل اور غیر رسمی معیشت پر قابو پانے کے لیے مزید انفورسمنٹ اقدامات کی ہدایت کی۔

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکس اصلاحات میں تاجر برادری، کاروباری طبقے اور ٹیکس دہندگان کی سہولت اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور مشاورت سے قابل عمل منصوبے مرتب کیے جائیں۔