صدرِ مملکت سے آسٹریا کی سبکدوش سفیر کی الوداعی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر گفتگو

news-banner

دنیا - 23 جولائی 2025

ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرِ مملکت ڈاکٹر آصف علی زرداری سے پاکستان میں آسٹریا کی سبکدوش ہونے والی سفیر اینڈریا وِکے نے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

 

صدرِ مملکت نے اینڈریا وِکے کی پاکستان میں سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت و معیشت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ آسٹریا کے سرمایہ کار پاکستان کے سیاحت کے شعبے میں بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ پاکستان آسٹریا کی الپائن ٹورازم کی مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ آسٹریا کی کمپنیاں پاکستان کے ماہر اور تربیت یافتہ آئی ٹی پروفیشنلز کی خدمات بھی حاصل کر سکتی ہیں۔

 

صدر زرداری نے آسٹریا کے صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اینڈریا وِکے کو ان کی کامیاب سفارتی مدت پر مبارکباد پیش کی۔