وزیراعظم کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

news-banner

پاکستان - 23 جولائی 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو فوری طور پر تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

 

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی سڑکوں، خصوصاً شاہراہ قراقرم، ناران، بابوسر اور چلاس روڈ کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

 

وزیراعظم نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

 

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ممکنہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

 

شہباز شریف نے ہدایت دی کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور گلگت بلتستان و آزاد جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے مون سون کے آئندہ سلسلے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کریں۔

 

انہوں نے شہری علاقوں میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے میونسپل اداروں کو نکاسی آب اور سیوریج کے مؤثر انتظامات کی ہدایت بھی دی۔

 

وزیراعظم نے ملک میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔