اسحاق ڈار کا اقوام متحدہ میں دو ریاستی حل پر زور، غزہ میں فوری امداد کی فراہمی کی اپیل

news-banner

دنیا - 23 جولائی 2025

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات اور دو ریاستی حل کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور فلسطین کے مسئلے پر ہونے والے اجلاس کی صدارت پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

 

اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جہاں اب تک 58 ہزار سے زائد افراد، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اس انسانی المیے کے خاتمے اور مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل میں فعال کردار ادا کرے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر اپنے اصولی مؤقف اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق، مسئلے کا حل 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی فارمولے میں ہے۔

 

اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے، اور پاکستان شام میں بھی پائیدار استحکام کی بھرپور حمایت کرتا ہے