خیبرپختونخوا حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس، اپوزیشن جماعتوں کا شرکت سے انکار

news-banner

پاکستان - 23 جولائی 2025

خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر غور کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں اپوزیشن جماعتوں نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو جماعتیں اس کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گی، وہ ثابت کریں گی کہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

 

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی زیرحکومت بلائی گئی اے پی سی کا حصہ نہیں بنے گی۔ ترجمان جے یو آئی کے مطابق، ان کی جماعت اس اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کرے گی۔

 

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے بھی کانفرنس میں شریک نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی فیصلے کر چکی ہے، اس لیے کانفرنس محض ایک رسمی کارروائی بن چکی ہے۔

 

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے بھی اے پی سی میں عدم شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے حکومت کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس نمائشی اقدام ہے۔

 

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپوزیشن جماعتوں کے فیصلے کو ناقابل فہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا مسئلہ تمام جماعتوں کا مشترکہ چیلنج ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کل ہونے والی اے پی سی میں صوبے کے حالات اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔