آئیسکو کی غفلت، ریٹائرڈ بزرگ کو غلط یونٹس پر مبنی مہنگا بل تھما دیا گیا

انٹرٹینمنٹ - 23 جولائی 2025
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا کے رہائشی ریٹائرڈ شہری چوہدری عشرت کو بجلی کے بل میں شدید ناانصافی کا سامنا ہے۔ چوہدری عشرت کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف 185 یونٹس استعمال کیے، لیکن آئیسکو کی جانب سے 229 یونٹس پر مبنی بل جاری کر دیا گیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق جب وہ درست ریڈنگ کے ساتھ آئیسکو کے دفتر پہنچے تو انہیں بل درست کرنے کے بجائے یہی بل جمع کروانے کا کہا گیا۔
چوہدری عشرت نے بتایا کہ 200 یونٹس سے تجاوز کے باعث سلیب ریٹ تبدیل ہو گیا، جس سے بل دگنا ہو گیا — اور ان کے محدود بجٹ کے لیے ناقابل برداشت بن گیا۔
"میں پنشن پر گزارا کرتا ہوں، اور یہ غیر منصفانہ بل میرے لیے شدید ذہنی اور مالی دباؤ کا باعث ہے،" انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔
واقعے پر مقامی شہریوں اور سماجی تنظیموں نے آئیسکو سے فوری نوٹس لینے اور بل کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ہے۔