تین ڈسکوز کی نجکاری میں پیش رفت، ستمبر تک عمل مکمل ہونے کا امکان

کاروبار - 23 جولائی 2025
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی اقتصادی امور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عاطف خان کی سربراہی میں ہوا، جس میں توانائی کے شعبے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن محفوظ بھٹی نے بتایا کہ تین ڈسکوز کی نجکاری کے لیے مالی مشیر مقرر کیا جا چکا ہے، جو جلد اپنی رپورٹ مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کمپنیوں کی بیلنس شیٹس کو درست کر کے نجکاری کے لیے تیار کیا جا رہا ہے، اور یہ مرحلہ ستمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ ان کمپنیوں کا انتخاب وفاقی حکومت نے نجکاری کے لیے کیا ہے۔
اجلاس میں رکن کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صنعتی شعبے کو سیلف پاور جنریشن کی اجازت دی گئی اور اب اسے بند کیا جا رہا ہے، جو پالیسی میں تضاد ظاہر کرتا ہے۔ اس پر پاور ڈویژن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ وقت کے ساتھ پالیسیاں تبدیل ہوتی ہیں۔
چیئرمین کمیٹی عاطف خان نے شکایت کرتے ہوئے کہا، "آپ نے تو عوام کو سولر سسٹم لگانے سے بھی روک دیا"، جس پر پاور ڈویژن نے وضاحت دینے کی کوشش کی۔
حکام نے اعتراف کیا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بجلی کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے کوئی جامع پالیسی ترتیب نہیں دی گئی، جس کا نتیجہ موجودہ بحران کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔