دشمن کو ہماری یکجہتی سے ہمیشہ مایوسی ہوگی، پاکستان امن و ترقی کا علمبردار ہے ‘ ڈی جی آئی ایس پی آر

news-banner

پاکستان - 25 جولائی 2025

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور ترقی پسند ملک ہے، اور بین المذاہب ہم آہنگی اس کی قومی طاقت کا اہم ستون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران کیا، جہاں شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کو پوری قوم کی اجتماعی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر مذہب، فرقے اور نسل سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے ہمیشہ دشمن کے سامنے متحد ہوکر جرأت و استقامت کی مثال قائم کی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ مشترکہ تاریخ، نظریہ اور حب الوطنی کی بنیاد پر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہی اتحاد دشمن کی ہر چال کو ناکام بناتا ہے۔

 

انہوں نے نوجوانوں کے کردار کو پاکستان کے روشن مستقبل کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ نئی نسل ملک کی ترقی اور استحکام میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

 

اس موقع پر طلباء و طالبات نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کی تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔