وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

کاروبار - 25 جولائی 2025
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایگریکلچر گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت 2 ہزار ایگریکلچر انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے لیے ہر ضلع کے لیے الگ کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو مساوی مواقع مل سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پانی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے" اور پنجاب حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ کسان کارڈ پروگرام نے نئی کامیابیوں کے دروازے کھول دیے ہیں، جب کہ گرین ٹریکٹر اسکیم اور ٹیوب ویل سولرائزیشن پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ زرعی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔