"ٹیم کو مستقل مزاجی اور مسابقتی جذبے کی ضرورت ہے" ہیڈ کوچ مائیک ہیسن

کھیل - 25 جولائی 2025
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو عالمی سطح پر کامیابی کے لیے مسابقتی ذہنیت اور مستقل مزاجی پیدا کرنا ہو گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ ہمیں اپنی ٹیم میں گہرائی، سخت محنت اور اہم پوزیشنز پر صحت مند مسابقت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹس میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایسی کرکٹ کھیلنی ہو گی جو وقت کے ساتھ استحکام لائے۔
مائیک ہیسن نے بتایا کہ ابتدائی چھ میچز، جو دو مختلف نوعیت کی پچز پر کھیلے گئے، نے ٹیم کو قیمتی تجربہ دیا۔ نوجوان بیٹنگ لائن نے 200 سے زائد رنز بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ہیڈ کوچ کے مطابق میرپور جیسا مشکل وینیو، جہاں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اسکورنگ کم ہوتی ہے، وہاں ابتدائی طور پر چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن بعد میں ٹیم نے خود کو ڈھالا اور بہتری دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ اسپیشلسٹ کوچز نے قومی کرکٹ اکیڈمی (NCA) اور ٹیم کیمپ میں بولرز کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
فیلڈنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ دو میچز میں واضح بہتری دیکھنے کو ملی اور اب پاکستان ٹیم بین الاقوامی معیار کی فیلڈنگ سائیڈ بنتی جا رہی ہے۔
"ہم درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں،" انہوں نے کہا۔