پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری خوش آئند ہے، معاشی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ‘ وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

کاروبار - 25 جولائی 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی عالمی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس اینڈ پی (S&P) کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو CCC+ سے بڑھا کر B- کرنا خوش آئند پیش رفت ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

 

ٹوئٹر (ایکس) پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے الحمدللہ کہتے ہوئے اس بہتری کو اقتصادی اصلاحات اور میکرو اکنامک استحکام کا نتیجہ قرار دیا۔

 

انہوں نے اس کامیابی پر اقتصادی ٹیم اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں انہوں نے معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اصلاحات کی رفتار کو جاری رکھنے، شفافیت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ یہ بہتری عوامی خوشحالی اور پائیدار ترقی میں بدل سکے۔

 

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی معیشت بہتری کے ابتدائی آثار دکھا رہی ہے اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی اس پیش رفت کو مثبت قرار دے رہے ہیں۔