ایران پر حملے اہداف کے حصول تک جاری رہیں گے: اسرائیلی وزیراعظم

دنیا - 13 جون 2025
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک تمام اہداف مکمل نہیں ہو جاتے، اور ایران کے جوہری خطرے کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کے بعد جاری کیے گئے پہلے باضابطہ بیان میں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے "دل" کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں محض آغاز ہیں، اور یہ "اتنے دن جاری رہیں گی جتنے دن اہداف حاصل نہ ہو جائیں۔"
انہوں نے بتایا کہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کے خلاف "آپریشن رائزنگ لائن" کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد ایران کی جوہری صلاحیتوں کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ "یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ایرانی خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا،" نیتن یاہو نے کہا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر الزام عائد کیا کہ حالیہ مہینوں میں اس نے جوہری ہتھیار بنانے کی سمت میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ان کے مطابق، ایران نے ایسے اقدامات کیے جو یورینیئم کی افزودگی کو ہتھیار سازی کی سطح تک لے جا سکتے تھے۔
انہوں نے کہا، "اسرائیل کی سلامتی کو ایک واضح اور فوری خطرہ درپیش ہے۔ اگر ایران کو نہ روکا گیا تو وہ ایک سال کے اندر یا اس سے بھی کم مدت میں جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔"