بھارتی جھوٹا بیانیہ عالمی سطح پر مسترد، سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں ہو سکتا: وزیر دفاع خواجہ آصف

news-banner

پاکستان - 30 جون 2025

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں اپنایا گیا گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی مؤقف عالمی برادری نے مسترد کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے واضح کیا کہ حالیہ SCO اجلاس میں بھارت کی روایتی الزام تراشی اور پروپیگنڈے کو کسی رکن ملک نے اہمیت نہیں دی، بلکہ اجلاس کا ماحول خوشگوار اور غیر جانبدار رہا، جہاں کسی ملک کو دوسرے کے بیانات پر اعتراض اٹھانے یا جوابی ردعمل دینے کی اجازت نہیں تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ اس ضابطے کے باعث بھارتی وزیر دفاع کو پاکستان کے دلائل کا جواب دینے کا موقع ہی نہیں ملا، اور یوں بھارت کا یکطرفہ مؤقف دب گیا۔ وزیر دفاع کے مطابق تمام رکن ممالک نے پاکستان کے نکتہ نظر کو نہ صرف توجہ سے سنا بلکہ اس سے اصولی اتفاق بھی کیا۔

 

سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے، جسے کوئی بھی فریق یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت ضد، انتقام اور ماضی کی شکست کے احساس میں مبتلا ہو کر غیر سنجیدہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔

 

انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے اندرونی سیاسی زوال اور عوامی ناپسندیدگی کو چھپانے کے لیے پاکستان دشمن بیانیے کو ہوا دے رہی ہے، مگر سچائی کبھی نہیں چھپتی۔ ان کے مطابق مودی کی سیاست زوال کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔

 

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر امن، حقیقت اور اصولوں کی بات کی ہے، اور اسی تسلسل میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کا موقف عالمی برادری نے تسلیم کیا، جبکہ بھارت کو ایک بار پھر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔