لاہور میں استعمال شدہ پلاسٹک بوتلوں کے بدلے ایک ہزار روپے حاصل کرنے کا منفرد منصوبہ متعارف

news-banner

پاکستان - 30 جون 2025

لاہور: پلاسٹک آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور میں ایک ماحول دوست منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت شہری خالی پلاسٹک بوتلیں مخصوص ریورس وینڈنگ مشینوں میں ڈال کر "گرین کریڈٹ" حاصل کر سکیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی تحفظ ہے بلکہ شہریوں کو مالی فوائد بھی فراہم کرنا ہے۔

یہ منصوبہ ایک نجی کمپنی "ISP انوائرمنٹل سلوشنز" نے انٹراٹیک گروپ کے تعاون سے شروع کیا ہے، جسے ورلڈ بینک کی مالی معاونت اور پنجاب انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے "گرین کریڈٹ پروگرام" کی معاونت حاصل ہے۔

 

بوتلیں جمع کروائیں، ہزار روپے تک کمائیں

منصوبے کے تحت شہری اگر ڈیڑھ لیٹر کی 20 یا آدھ لیٹر کی 40 خالی بوتلیں مشین میں جمع کرائیں گے تو انہیں ایک کلوگرام پلاسٹک کے بدلے ایک ہزار روپے تک کا گرین کریڈٹ دیا جائے گا۔ یہ بوتلیں بعد ازاں تعمیراتی منصوبوں، فٹ پاتھ کی مرمت اور ماحول دوست اینٹوں کی تیاری میں استعمال کی جائیں گی۔

 

مشین کا استعمال انتہائی آسان

مشین کے استعمال کا طریقہ کار انتہائی سادہ رکھا گیا ہے۔ صارفین بوتل مشین میں ڈالنے کے بعد "A" بٹن دبائیں گے، اپنا موبائل نمبر درج کریں گے اور پھر "B" بٹن دبانے پر کریڈٹ کی تفصیل اسکرین پر نمودار ہو جائے گی۔ یہ معلومات موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوں گی، جس کے ذریعے شہری اپنی بوتلیں براہِ راست کباڑی کمپنی کو فروخت بھی کر سکیں گے۔

 

کباڑیوں کے لیے بھی نفع بخش

ایپ میں لاہور کے 18 ہزار سے زائد کباڑیوں کا ڈیٹا موجود ہے۔ وہ نہ صرف بوتلیں خریدیں گے بلکہ گرین کریڈٹ سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

 

پہلے مرحلے میں مشینیں جامعات میں نصب

منصوبے کے پہلے مرحلے میں یہ مشینیں لاہور کی چار نجی جامعات میں نصب کی جا رہی ہیں، جب کہ اگلے مرحلے میں انہیں عوامی مقامات اور دیگر نجی اداروں میں توسیع دی جائے گی۔ ایک مشین کی لاگت تقریباً 8 لاکھ روپے ہے، جو بیک وقت 25 کلوگرام پلاسٹک ذخیرہ کر سکتی ہے اور وزن کی حساسیت رکھنے والے سینسرز سے لیس ہے جو غیر ضروری اشیاء کو مسترد کر دیتے ہیں۔

 

عوامی پذیرائی اور ماحول دوست اقدام

شہریوں نے اس اقدام کو نہایت مثبت اور ماحول دوست قرار دیا ہے۔ مقامی رہائشی ندا ظفر کے مطابق، یہ منصوبہ نہ صرف مالی فوائد فراہم کرے گا بلکہ لوگوں کو پلاسٹک کے مسئلے پر سوچنے پر بھی مجبور کرے گا۔ سارہ عالمگیر نے کہا کہ پلاسٹک کے ماحول پر دیرپا اثرات کو کم کرنے میں یہ اقدام نہایت مؤثر ثابت ہو گا۔

 

پلاسٹک سے اینٹیں بنانے کا پلانٹ بھی قائم

علاوہ ازیں، منصوبے کے تحت سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں "ایکو برکس پلانٹ" بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں جمع شدہ پلاسٹک کو استعمال کر کے ماحول دوست اینٹیں تیار کی جائیں گی۔ اس پلانٹ کا افتتاح جولائی میں متوقع ہے۔

انتظامیہ کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد صرف بوتلیں اکٹھی کرنا نہیں، بلکہ شہریوں میں ماحول کے تحفظ کا شعور بیدار کرنا ہے، تاکہ پلاسٹک کو کچرے کے بجائے ایک قابلِ قدر وسیلہ سمجھا جائے۔