پنجاب اسمبلی: پی ٹی آئی کے چار قائمہ کمیٹی چیئرمینوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب

پاکستان - 30 جون 2025
لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے چار اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہٹائے گئے چیئرمینوں میں چیئرمین لٹریسی عنصر اقبال، چیئرپرسن اسپیشل ایجوکیشن صائمہ کنول، چیئرمین کالونیز احسن علی، اور چیئرمین مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ رائے مرتضیٰ شامل ہیں۔ تمام کا تعلق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے تھا۔
اسمبلی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان چاروں کے خلاف کامیاب عدم اعتماد کے بعد باضابطہ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، اور اب ان کمیٹیوں کے نئے چیئرمینوں کے انتخاب کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید دو قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے خلاف بھی عدم اعتماد کی درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں، جب کہ باقی سات اپوزیشن کی زیر قیادت قائمہ کمیٹیوں کے خلاف بھی آئندہ دنوں میں تحریکِ عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔
علاوہ ازیں، اسمبلی ذرائع کے مطابق، آئندہ اجلاس سے قبل اپوزیشن اراکین کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اسمبلی میں پہلے ہی اپوزیشن کے 26 ارکان معطل کیے جا چکے ہیں، جن کے بعد اپوزیشن کا اجلاس بلانے کا آئینی اختیار بھی معطل کر دیا گیا ہے۔