پاکستان کا خلائی میدان میں بڑا قدم: جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

news-banner

دنیا - 31 جولائی 2025

پاکستان نے خلائی ٹیکنالوجی کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھاتے ہوئے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا، جو زمینی مشاہداتی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری لائے گا۔

 

سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ قومی خلائی پالیسی اور ویژن 2047 کا حصہ ہے، اور اس کی مدد سے فصلوں کی پیداوار، شہری و دیہی انفراسٹرکچر، آبادی، قدرتی آفات جیسے سیلاب و زلزلے، جنگلات اور گلیشیئرز کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی۔ اس سے قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے اور وسائل کے بہتر انتظام میں مدد ملے گی۔

 

یہ سیٹلائٹ سی پیک سمیت کئی اہم قومی منصوبوں کے لیے درست جغرافیائی ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے منصوبہ بندی اور ترقیاتی اہداف میں تیزی آئے گی۔

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں داخل ہو چکا ہے، جو پاکستان کے خلائی پروگرام کی ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اگلے سال چین کے تعاون سے ایک پاکستانی خلاباز کو خلا میں بھیجا جائے گا، جب کہ 2035 تک پاکستان کا چاند پر مشن بھی متوقع ہے۔