پاکستان نے رافیل طیارہ کیسے مار گرایا؟ برطانوی خبر رساں ادارے کی چشم کشا رپورٹ سامنے آ گئی

دنیا - 02 اگست 2025
اسلام آباد – پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی جھڑپ کے حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے نے ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کا جدید ترین رافیل طیارہ پاکستانی فضائیہ کی بروقت حکمت عملی اور چینی میزائل کی مدد سے مار گرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 7 مئی کی رات پاکستانی ایئر فورس کے آپریشن روم میں بھارت کی سرحد کے اندر درجنوں طیاروں کی غیر معمولی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جو کئی دنوں سے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے، نے فوری طور پر چینی ساختہ J-10C طیارے فضاء میں بھیجنے کا حکم دیا۔
ذرائع کے مطابق ایئر چیف نے واضح ہدایت دی: "رافیل چاہیے!"۔ یعنی دشمن کے جدید ترین رافیل طیارے کو خاص طور پر نشانہ بنایا جائے۔
پاکستانی جے ٹین سی طیارے نے پی ایل-15 (PL-15) میزائل کے ذریعے 200 کلومیٹر کی دوری سے بھارتی رافیل کو نشانہ بنایا۔ یہ میزائل بھارتی انٹیلی جنس کی پیشگی معلومات سے کہیں زیادہ رینج رکھتا تھا، جس کی وجہ سے بھارتی پائلٹس کو شدید غلط فہمی کا سامنا کرنا پڑا۔
فرانسیسی فضائیہ کے سربراہ نے بھی رافیل کی تباہی کی تصدیق کی، جبکہ بھارتی فوج نے بالواسطہ اعتراف کیا۔ اس واقعے کے بعد فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں نمایاں کمی آئی، اور مغربی ہتھیاروں کی افادیت پر سوالات اٹھنے لگے۔
برطانوی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس جھڑپ میں دونوں ممالک کے مجموعی طور پر 110 طیارے شامل تھے، جسے دہائیوں کی سب سے بڑی فضائی لڑائی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد متعدد ممالک نے چینی ساختہ لڑاکا طیاروں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، خصوصاً J-10C کی کامیاب کارکردگی کے بعد۔