ایرانی صدر مسعود پزشکیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

news-banner

دنیا - 02 اگست 2025

اسلام آباد – ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان پر دو روزہ قیام کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔ اس دورے کا مقصد دو طرفہ سفارتی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

 

اسلام آباد آمد پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر اہم حکام بھی موجود تھے۔ ایرانی صدر کو 21 توپوں کی سلامی اور سرخ قالین بچھا کر خوش آمدید کہا گیا۔

 

دورے کا آغاز لاہور سے ہوا، جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ایرانی وفد نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی۔ لاہور اور اسلام آباد میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

 

دفتر خارجہ کے مطابق یہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا بطور صدر پہلا دورہ پاکستان ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔

 

ایرانی صدر، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

 

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مئی کے آخر میں ایران کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی تھی۔ صدر پزشکیان گزشتہ دو برسوں میں پاکستان آنے والے دوسرے ایرانی صدر ہیں، ان سے قبل ابراہیم رئیسی نے اپریل 2024 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔