وزیراعظم کا بڑا اقدام: ہوائی اڈوں پر غیر ملکی شہریوں کے لیے علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت

دنیا - 02 اگست 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر غیر ملکی مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز قائم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف بین الاقوامی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور تجارتی وفود کو سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ علیحدہ امیگریشن کاؤنٹرز مسافروں کے لیے امیگریشن کا عمل تیز اور آسان بنائیں گے، جس سے مجموعی طور پر وقت کی بچت ہوگی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے مخصوص کاؤنٹرز بننے سے نہ صرف ان کے لیے سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ دیگر پاکستانی مسافروں کے لیے بھی قطاروں میں کمی آئے گی، جس سے مجموعی عمل مزید مؤثر ہو جائے گا۔
وزیراعظم آفس نے اس اقدام کو حکومت کی اُس جامع پالیسی کا حصہ قرار دیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو غیر ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور عالمی تجارتی وفود کے لیے ایک خوش آمدیدی اور کشش سے بھرپور ملک کے طور پر پیش کرنا ہے۔