تریچمیر چوٹی پر پہلی پاکستانی ٹیم کا تاریخی کارنامہ، عبدالجوشی کی قیادت میں کامیابی حاصل

انٹرٹینمنٹ - 02 اگست 2025
پاکستانی کوہ پیماؤں نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی تریچمیر کو پہلی بار سر کر لیا۔ یہ کارنامہ ہنزہ کی وادی شمشال سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار کوہ پیما عبدالجوشی کی قیادت میں سرانجام دیا گیا۔
پانچ رکنی ٹیم میں عبدالجوشی کے ساتھ حمید اللہ، فریاد کریم، منصور کریم اور نثار احمد شامل تھے، جنہوں نے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں کے باوجود چوٹی تک رسائی حاصل کی۔
یاد رہے کہ تریچمیر (7,708 میٹر) کو پہلی بار 1950 میں ایک نارویجین ٹیم نے سر کیا تھا، اور یہ چوٹی اس وقت سے پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے ایک چیلنج بنی رہی۔ اس کامیابی کے 75 سال مکمل ہونے پر 2025 کو پلاٹینم جوبلی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی کی جانب سے ایک خصوصی ٹریکنگ مہم کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی اور قومی سطح کے ٹریکرز شریک ہوئے۔ آنے والے دنوں میں پاکستان کے معروف کوہ پیما سرباز خان کی قیادت میں ایک اور ٹیم بھی تریچمیر سر کرنے کی مہم پر روانہ ہوگی۔