غیر قانونی غیر ملکیوں کی ملک بدری کی نئی مہم کا آغاز، وزارت داخلہ کا فیصلہ

دنیا - 02 اگست 2025
وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف نئی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق ایسے غیر ملکی، جن کے خلاف مقدمات زیرِ سماعت ہیں یا وہ سزا مکمل کر چکے ہیں، انہیں فارن ایکٹ کی دفعہ 14-بی کے تحت ملک بدر کیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ کی مدت 30 جون کو ختم ہو چکی ہے، اور اس کے بعد ایسے کارڈ ہولڈرز کی موجودگی غیر قانونی تصور کی جائے گی۔
وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، جیل حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو فوری گرفتار کر کے ملک بدر کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔