مودی کی ایک بار پھر جنگی زبان: برہموس میزائل سے حملے کی دھمکی، پاکستان کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں

دنیا - 02 اگست 2025
حالیہ جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں شرمناک شکست اور عالمی سطح پر سبکی کے باوجود، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی باز نہ آئے۔ وارانسی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے پاکستان کو برہموس میزائل حملے کی کھلی دھمکی دے دی۔
مودی کا کہنا تھا کہ "اگر پاکستان نے دوبارہ کوئی غلط قدم اٹھایا تو، اتر پردیش میں تیار کیے جانے والے میزائل دہشتگردوں کو نیست و نابود کر دیں گے۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ برہموس میزائل اب لکھنؤ میں تیار کیے جائیں گے، اور پاکستان ان کا نام سن کر ہی خوفزدہ ہو جاتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مودی کا یہ بیان بھارتی عوام کو مطمئن کرنے اور اندرونی سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے، جو پاکستان مخالف بیانیے سے فائدہ حاصل کرنے پر مبنی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی جانب سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم دفاعی ماہرین کے مطابق ایسی دھمکیاں محض سیاسی فائدے کے لیے استعمال ہونے والی بے بنیاد بڑھکیں ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے نام نہاد ’آپریشن سندور‘ کا آغاز پہلگام واقعے کے بعد کیا گیا تھا، جس کا پاکستان نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے ذریعے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ اس مختصر جنگ میں بھارت کو رافیل طیاروں کے نقصان سمیت کئی ایئر بیسز پر شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔