پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر، گلگت بلتستان کو آفت زدہ قرار دینے پر غور: وزیراعظم شہباز شریف

news-banner

دنیا - 04 اگست 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں ہمارا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

 

گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر نقصانات کا جائزہ لینے یہاں آیا ہوں، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں بھی شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی ہوئی تھی، اور اب ایک بار پھر ہم قدرتی آفات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی ہے کہ ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔

 

اس سے قبل وزیراعظم سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملاقات کی اور حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کو فوری طور پر آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے۔

 

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 10 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 22 کلومیٹر طویل سڑکیں، واٹر سپلائی، چینلز اور ٹیلی کمیونیکیشن نظام مکمل تباہ ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی تخمینے کے مطابق نقصان 20 ارب روپے سے زائد ہے اور حکومت کو فوری طور پر 7 ارب روپے کی امداد درکار ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔