اسلام آباد ہائیکورٹ کا بلوچ لاپتہ افراد کے احتجاج پر انتظامیہ کو مؤثر اقدامات کا حکم

news-banner

پاکستان - 04 اگست 2025

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچ لاپتہ افراد کے احتجاج کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انتظامیہ کو سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کی ہدایت دی ہے۔

 

چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا کہ مظاہرین سے مذاکرات کیے جائیں اور انہیں کسی متبادل مقام پر احتجاج کی اجازت دی جائے، تاکہ موجودہ جگہ خالی کرائی جا سکے۔

 

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا:"کیا کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے کی جائیداد بلاک کرے؟"

 

درخواست ایف-6 پیٹرول پمپ کی انتظامیہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جنہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مسلسل دھرنے سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

 

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت نے بتایا کہ مظاہرین بغیر اجازت دھرنا دیے ہوئے ہیں اور جب بھی منتشر کیا جاتا ہے، وہ دوبارہ وہیں آ جاتے ہیں۔

 

عدالت نے انتظامیہ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت سے قبل دو ہفتوں کے اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔