پاکستان ایران کے ساتھ ہے، پی ٹی آئی کو فتنہ قرار، عظمیٰ بخاری کی تنقیدی پریس کانفرنس

news-banner

پاکستان - 04 اگست 2025

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی صدر کا مزارِ اقبال پر حاضری دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تہذیبی، فکری اور روحانی تعلقات بہت گہرے ہیں۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا، لیکن ایک مخصوص طبقہ ہر قومی موقع کو متنازع بنانے کی کوشش میں رہتا ہے۔

 

انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور پنجاب کی ترقی اپوزیشن سے ہضم نہیں ہو رہی۔

 

وزیراطلاعات نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر فتنہ و فساد کی کال دے رہی ہے۔ ان کے مطابق جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے، پی ٹی آئی کو تکلیف ہوتی ہے۔ 9 مئی کا واقعہ ناقابلِ معافی ہے، اگر ایسے واقعات کو روکا نہ گیا تو یہ تسلسل کبھی نہیں رکے گا۔

 

عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ "آر پار" کی باتیں تو کرتے ہیں لیکن خود ہمیشہ راہِ فرار اختیار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات سے بھاگ چکی ہے اور اب احتجاج کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو یہودی لابی کا "پروڈکٹ" قرار دیا اور کہا کہ امریکا سے آزادی مانگنے والے اب اپنے بیٹوں کو بھی اسی دروازے پر بھیج رہے ہیں۔ طنزاً کہا کہ اب گاڑیوں پر "رل یا ٹرمپ، تیرا ہی آسرا" لکھا جانا باقی ہے۔

 

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 اگست کو پوری قوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرے گی اور پی ٹی آئی کا احتجاجی شو حسبِ روایت ناکام ہو گا۔