سری نگر ایئرپورٹ پر بھارتی فوجی افسر کا ایئرلائن عملے پر تشدد، تحقیقات جاری

news-banner

دنیا - 04 اگست 2025

مقبوضہ کشمیر: سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوج کے ایک افسر نے ہینڈ بیگ کا وزن زیادہ ہونے پر ایئرلائن کے عملے کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

 

ذرائع کے مطابق، جب افسر کو بتایا گیا کہ ان کا سامان مقررہ وزن سے تجاوز کر رہا ہے، تو وہ طیش میں آگئے اور ایئرلائن کے اہلکاروں سے نہ صرف بدکلامی کی بلکہ انہیں دھکے بھی دیے۔ واقعے کے دوران چند عملے کے افراد زخمی بھی ہوئے۔

 

عینی شاہدین نے بتایا کہ فوجی افسر نے نازیبا زبان استعمال کی اور بار بار عملے کو دھمکیاں دیتا رہا۔ یہ رویہ خاص طور پر ایک ایسے شخص کے لیے ناقابل قبول ہے جو خود قانون نافذ کرنے والے ادارے سے تعلق رکھتا ہو، وہ بھی ایک حساس علاقے میں۔

 

واقعے کی ویڈیوز اور اطلاعات سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی اہلکاروں کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور فوری کارروائی کی جائے۔

 

تاحال بھارتی فوج یا ہوائی اڈے انتظامیہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔