ڈاکٹر مصدق ملک کا گلگت بلتستان کا دورہ، ارلی وارننگ سسٹم میں سنگین خامیوں پر اظہارِ تشویش

پاکستان - 04 اگست 2025
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے رات گئے مختلف مقامات پر زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر نے خپلو سمیت کئی علاقوں میں قائم ارلی وارننگ سسٹمز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے سسٹمز کی موجودہ حالت، کارکردگی اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔
معائنے کے دوران سسٹمز میں تکنیکی نقائص اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی ہوئی، جس پر ڈاکٹر مصدق ملک نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ اس دورے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کریں گے تاکہ فوری اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔
اس موقع پر سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور کمشنر بلتستان بھی ان کے ہمراہ تھے۔