راولپنڈی: خاتون کو اغوا اور زیادتی کی کوشش، 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

پاکستان - 04 اگست 2025
راولپنڈی کے نواحی علاقے روات میں ایک افسوسناک واقعے میں گلی سے گزرنے والی خاتون کو مبینہ طور پر چار افراد نے زبردستی اغوا کرنے اور زیادتی کی کوشش کی۔ خاتون کی مدعیت میں تھانہ روات میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، خاتون عنائیت شاہ کے گھر سے کام کے بعد واپس جا رہی تھیں کہ گلی میں موجود چار افراد نے انہیں دبوچ لیا اور قریبی کھیتوں میں لے گئے۔
ملزمان نے خاتون پر تشدد کیا، نازیبا زبان استعمال کی اور جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ اس دوران دو ملزمان، کامران اور حارث، نے ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔
خاتون کی چیخ و پکار سن کر ان کے چچا اور بھائی موقع پر پہنچے، جنہیں بھی ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون کسی طرح فرار ہو کر گھر پہنچی۔
پولیس نے علی رضا، حارث، افضل اور کامران کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔