سینیٹ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس‘ بلوچستان میں نئی یونیورسٹی کے قیام پر تفصیلی غور

پاکستان - 04 اگست 2025
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی آف بزنس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025 پر غور کیا گیا۔
سینیٹر عبدالشکور نے کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان میں متعدد طلبہ کالج سطح پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اب انہیں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات پہلے ہی موجود ہیں۔
کنوینئر کمیٹی نے رائے دی:"اگر تعلیمی ڈھانچہ موجود ہے اور طلبہ پہلے سے زیرِ تعلیم ہیں، تو یونیورسٹی کے قیام کی اجازت دی جا سکتی ہے۔"
تاہم ایچ ای سی حکام کا کہنا تھا کہ مکمل دستاویزات موصول نہ ہونے کے باعث وہ تاحال فیزیبیلیٹی رپورٹ تیار نہیں کر سکے، اور یہ وضاحت بھی دی کہ صوبائی دفاتر یونیورسٹی منظوری کے مجاز نہیں۔
سینیٹر عبدالشکور نے امتیازی سلوک کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے دیگر جامعات کو مشروط منظوری ملی، اسی طرز پر انہیں بھی اجازت دی جائے۔ کمیٹی نے یقین دہانی کرائی کہ کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔
اس پر کمیٹی نے ایچ ای سی کو ہدایت دی کہ گزشتہ تین برسوں میں منظور شدہ جامعات کی مکمل فہرست آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے وعدہ کیا کہ "تمام ریکارڈ تین دن کے اندر کمیٹی کے دفتر میں جمع کرا دیا جائے گا۔"