اداکار للی پٹ کی شاہ رخ خان پر تنقید: "زیرو میں کمال ہاسن کی نقل کی، اصل جذبات نہیں دکھا سکے"

انٹرٹینمنٹ - 07 اگست 2025
بالی ووڈ کے سینئر اداکار ایم ایم فاروقی المعروف للی پٹ نے شاہ رخ خان کی 2018 کی فلم زیرو میں ان کی اداکاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محض ٹیکنالوجی کے ذریعے بونے شخص کا کردار ادا کیا، جبکہ حقیقی جذبات و حرکات کی نمائندگی نہیں کی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں للی پٹ نے الزام لگایا کہ شاہ رخ خان نے زیرو میں کمال ہاسن کی 1989 کی مشہور فلم اپّو راجا کی نقل کرنے کی کوشش کی۔ ان کے بقول، "جیسے ایک عام شخص صرف نابینا کی اداکاری کر سکتا ہے، ویسے ہی عام قد کا شخص بونے کے حقیقی وجود کو نہیں دکھا سکتا۔"
للی پٹ نے کہا کہ زیرو میں شاہ رخ خان کی شخصیت ایک ہیرو کی سی لگی، جسے صرف وی ایف ایکس کے ذریعے چھوٹا دکھایا گیا، مگر جذباتی و جسمانی تفصیلات غائب تھیں۔ “ہم بونا نہیں دیکھ رہے تھے، ہم ایک سٹار کو دیکھ رہے تھے، جو ٹیکنالوجی کے سہارے چھوٹا دکھ رہا تھا۔”
انہوں نے کمال ہاسن کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا، “کمال جی نے اپنے کردار میں بونے کی حرکات، جسمانی ساخت، جذبات اور تاثر کو اس قدر حقیقت کے قریب دکھایا کہ وہ اصل لگے۔ ان کے ہاتھ، چال، جسمانی حرکات سب کردار کے مطابق تھے۔"
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شاہ رخ خان کو حال ہی میں فلم جوان میں شاندار اداکاری پر نیشنل فلم ایوارڈ ملا ہے، جبکہ کمال ہاسن یہ ایوارڈ پہلے ہی تین بار حاصل کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ آنند ایل رائے کی ہدایت میں بنی زیرو میں شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف نے اہم کردار نبھائے تھے، لیکن فلم 200 کروڑ کے بجٹ کے باوجود صرف 178 کروڑ کما سکی اور باکس آفس پر ناکام رہی۔ اس کے برعکس، اپّو راجا اپنی ریلیز پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور کئی مہینے تک سنیما گھروں کی زینت بنی رہی۔