بھارتی ایئر چیف کا بیان مضحکہ خیز اور بے بنیاد ہے، عرفان صدیقی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ کو تین ماہ گزر چکے ہیں اور بی جے پی رہنماؤں کے بیانات بھی آ چکے ہیں، لیکن اب اچانک بھارتی ایئر چیف کا یہ جھوٹا دعویٰ سمجھ سے بالاتر ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوسرے یا تیسرے دن ہی بھارتی رہنما تسلیم کر چکے تھے کہ ہمارے پانچ طیارے گرائے گئے ہیں، حتیٰ کہ وزیر اعظم مودی نے بھی پارلیمنٹ میں ایک گھنٹے سے زائد تقریر کے باوجود اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ "جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، شاید بھارتی قیادت سمجھتی ہے کہ ان کا جھوٹ سچ مان لیا جائے گا"۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھی حالیہ پریس کانفرنسز میں انتخابات میں نریندر مودی کی جیت پر سوالات اٹھائے ہیں، جو بھارتی تاریخ میں پہلی بار دھاندلی کے الزامات ہیں، اور اس سے مودی پر شدید دباؤ بڑھا ہے۔ عرفان صدیقی کے مطابق، عالمی سطح پر بھی مودی حکومت کو شرمندگی کا سامنا ہے، کیونکہ کسی ملک نے پہلگام واقعے پر بھارتی مؤقف تسلیم نہیں کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں چھ پاکستانی طیارے تباہ کیے گئے، جن میں پانچ لڑاکا طیارے شامل تھے، اور پاکستانی ایئر فیلڈز پر بھی حملے کیے گئے۔