شبیر جان کا انکشاف: ہمایوں سعید اچھے اداکار ہیں مگر پاکستان کے بہترین نہیں

انٹرٹینمنٹ - 18 اگست 2025
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ ہمایوں سعید بلاشبہ ایک محنتی اور کامیاب فنکار ہیں لیکن انہیں پاکستان کا بہترین اداکار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شبیر جان نے بتایا کہ وہ ہمایوں سعید کو اسٹار بنتے دیکھ چکے ہیں اور ان کے کام کو سراہتے ہیں، تاہم ان کے مطابق ملک میں "بہترین اداکار" کی تعریف کچھ اور ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ آج کل ڈرامہ انڈسٹری میں حقیقی اداکاروں کی تعداد کم ہو گئی ہے، زیادہ تر ماڈلز اسکرین پر نظر آتے ہیں جو صرف میک اپ، فیشن اور باڈی بنانے پر توجہ دیتے ہیں۔ شبیر جان نے کہا کہ آج کے فنکار کردار کی بجائے اپنی اسکرین پر موجودگی اور خوبصورتی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دور میں فنکار ریہرسل کیا کرتے تھے، لیکن آج کے اداکار بغیر پریکٹس کے ڈائیلاگز بولتے ہیں، اور ان کی غلط ادائیگی کے باوجود ڈرامہ نشر کر دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ہمایوں سعید نہ صرف کامیاب اداکار بلکہ پروڈیوسر بھی ہیں۔ وہ حالیہ برسوں میں متعدد ہٹ فلمیں دے چکے ہیں اور ڈراموں میں بھی پسند کیے جاتے ہیں۔ اس سال وہ فلم ’لو گرو‘ اور ڈرامہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔