مریم نواز: پنجاب میں جاپان سے ماحولیاتی ٹیکنالوجی لا کر ترقی کا نیا دور شروع کریں گے

news-banner

پاکستان - 18 اگست 2025

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں صفائی اور ماحول کے تحفظ کے لیے جاپان کی جدید ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی۔ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے اور عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کی شرح جو چند ماہ پہلے 38 فیصد تھی، ن لیگ کی حکومت میں کم ہو کر 3 فیصد پر آ گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی پنجاب کا انفرااسٹرکچر جاپانی معیار کے مطابق ہو گا، اسپتالوں میں مفت ادویات دستیاب ہیں اور ملک بھر کے مریض پنجاب کا رخ کر رہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ "ستھرا پنجاب" منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے جس کے تحت ڈیڑھ لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ دسمبر تک ایک لاکھ گھر مکمل کر لیے جائیں گے، جبکہ اگلے پانچ سال میں پانچ لاکھ گھر غریبوں کے لیے تعمیر ہوں گے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے میں کرائم ریٹ 70 فیصد کم ہوا ہے، دسمبر تک 1100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر آئیں گی جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ اس کے علاوہ 50 ہزار اسکالرشپس اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ مستحق طلبا کو دیے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں سے معیشت کو مضبوط بنایا، جبکہ شہباز شریف دن رات محنت کر کے ملک کو مسائل سے نکالنے میں لگے ہیں۔ لاہور میں ٹرام چلانے اور ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔