ملک بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، کراچی میں نشیبی علاقے زیرِ آب
تازہ ترین - 19 اگست 2025
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس میں کراچی بھی شامل ہے۔ منگل کے روز اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، سندھ اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان بھی ہے۔
پنجاب کے اضلاع لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور جبکہ خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، ایبٹ آباد، پشاور اور ڈی آئی خان میں بارش متوقع ہے۔ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، بدین، تھرپارکر اور بلوچستان کے ژوب، بارکھان، خضدار، گوادر اور لسبیلہ میں بھی کہیں کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولا کوٹ میں 110 ملی میٹر، مری میں 88 ملی میٹر اور تخت بھائی میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین اور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو انتباہ کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، لہٰذا احتیاطی اقدامات اختیار کریں۔
دیکھیں






