عمران خان کی ضمانت کی 8 درخواستوں پر سپریم کورٹ کی سماعت کل تک ملتوی

news-banner

پاکستان - 19 اگست 2025

سپریم کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت کے لیے دائر 8 درخواستوں پر سماعت کل تک مؤخر کر دی گئی۔

 

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی بھی شامل تھے۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر پیش ہوئے۔

 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی جانب سے جمع کرائی گئی بعض دستاویزات کا ابھی جائزہ نہیں لیا جا سکا، اس لیے بہتر ہوگا کہ کیس کو کل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کیا جائے تاکہ تمام فریقین تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔

 

وکیل صفدر نے وضاحت کی کہ فراہم کردہ دستاویزات محض عدالتی فیصلوں پر مشتمل ہیں، تاہم چیف جسٹس نے کہا کہ جو بھی مواد پیش کیا گیا ہے اس کا جائزہ ضروری ہے اور تمام دستاویزات آج ہی جمع کرائی جائیں۔

 

عدالت نے استغاثہ کو بھی ان دستاویزات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور سماعت کل تک ملتوی کر دی۔