بہترگول ایوریج نے بازی پلٹ دی: پاکستان نیشنز ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

کھیل - 19 جون 2025
ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ کے پول بی کے میچز کے بعد پاکستان اور میزبان ملائشیا دونوں کے 4،4 پوائنٹس تھے، تاہم پاکستان نے ایک اضافی گول کی بدولت سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔
ملائشیا کو جاپان کے خلاف اپنے آخری گروپ میچ میں کم از کم 2 گول کے فرق سے جیت درکار تھی، لیکن جاپان نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرکے پاکستان کی راہ ہموار کر دی۔
اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں گرین شرٹس کو 3-4 سے شکست ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے عبدالرحمن نے 13ویں اور 14ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2 گول کیے، جبکہ 28ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے تیسرا گول داغا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اسکاٹ کاسلیٹ نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی، جب کہ نائس ووڈ نے بھی ایک گول کیا۔
اگرچہ نتیجہ پاکستان کے حق میں نہیں تھا، لیکن گول ایوریج کی برتری نے ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچا دیا، جہاں جمعہ کے روز ان کا ٹکراؤ مضبوط حریف فرانس سے ہوگا۔