شرجیل انعام میمن نے سندھ میں بڑے تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا

پاکستان - 01 جولائی 2025
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سہ ماہی میں صوبے میں 4 ہزار 400 نئے اساتذہ کی بھرتی، 4 نئے آئی بی اے کمیونٹی کالجز کا قیام اور 34 ہزار اسکولوں کو مالی خود مختاری دینے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت ہزاروں مستحق طلبہ کو مزید وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ صحت کے شعبے میں بھی بڑے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے، جن میں 326.5 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی، پی پی ایچ آئی، این آئی سی وی ڈی اور چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کی توسیع اور ایمبولینس سروسز کی اپ گریڈیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
کراچی کے لیے مختص خصوصی ترقیاتی پیکیج کے تحت سڑکوں، پانی، سیوریج اور ماس ٹرانزٹ کے منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت کی جائے گی — پچاس الیکٹرک بسوں کے بعد مزید 100 بسیں اگست تک سڑکوں پر لائی جائیں گی۔
صوبے کے کسانوں کے لیے بھی اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بینظیر ہاری کارڈ کے تحت 2 لاکھ کسانوں کو مرحلہ وار سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ حکومت سندھ اپنے وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔