بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہے، مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں‘فیصل چوہدری

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے اب بھی کئی آئینی و قانونی راستے موجود ہیں، مایوسی کی فضا بلاوجہ ہے، ہمیں حوصلہ اور تدبر کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ خود عمران خان کا پیغام لے کر باہر آئے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اگر حکمت عملی اور لائحہ عمل واضح ہو تو رہائی کے تمام امکانات موجود ہیں۔

 

فیصل چوہدری نے ملاقاتوں کے محدود مواقع پر بھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایک جیسی لسٹ بنائی جاتی ہے، باقی افراد کو بھی بانی چیئرمین سے ملنے کا موقع ملنا چاہیے۔

 

انہوں نے کہا، "میرا ذاتی نظریہ ہے کہ مزاحمت اور مفاہمت کے راستے ہمیشہ ساتھ ساتھ رکھے جائیں، کسی ایک راستے کو ترک کرنا دانشمندی نہیں ہوگی۔"

 

وکیل فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ وہ وقت، موسم اور حالات کو دیکھ کر چلنے کے قائل ہیں اور موجودہ حالات میں انہیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا راستہ نظر آ رہا ہے۔

 

آخر میں انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کا اصل نمائندہ آج جیل میں ہے، جو ان کے دکھ درد کو سمجھتا ہے۔