وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ ریونیو بورڈ کی محصولات میں ریکارڈ اضافہ

news-banner

پاکستان - 01 جولائی 2025

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ قیادت سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے مالی سال 2024-25 میں محصولات کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کر دی، ترجمان سندھ حکومت عبدالرشید چنا کے مطابق ایس آر بی کی وصولیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 29.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو مراد علی شاہ کی مؤثر معاشی پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے۔

 

مراد علی شاہ کے مطابق مالی سال کے دوران ایس آر بی نے مجموعی طور پر 306.6 ارب روپے کی وصولی کی، جب کہ صرف جون 2025 میں 40.5 ارب روپے کے ریکارڈ محصولات جمع کیے گئے۔ یہ جون 2024 کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی مہینے میں اتنی بڑی رقم کی وصولی ایس آر بی کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ مئی 2025 کے مقابلے میں جون میں 30 فیصد زیادہ محصولات حاصل کیے گئے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ایس آر بی نے معاشی مشکلات کے باوجود شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کے اعتماد، کاروباری برادری کی حمایت اور حکومت کی مؤثر حکمت عملی نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ انہوں نے نئے مالی سال میں ’نیگیٹو لسٹ ٹیرف‘ کے نفاذ کا بھی ذکر کیا، جس سے مزید شفافیت اور بہتری کی توقع ہے۔

 

مراد علی شاہ نے آئندہ بھی محصولات میں اضافے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ زرعی آمدن پر ٹیکس کی مؤثر وصولی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔