وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی سفارت خانے کا دورہ، ایران کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی

پاکستان - 01 جولائی 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور حالیہ سانحات میں ایران کے شہداء و زخمیوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی قوم کے عزم، حوصلے اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا، ساتھ ہی شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور نومنتخب صدر مسعود پزیشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور یہ یکجہتی آئندہ بھی جاری رہے گی۔